پاکستان

پی ٹی آئی کے استعفی،اسمبلی کے پارلیمانی قائدین کا اجلاس طلب

تحریک انصاف کے مستعفی ہونے کے معاملے پر مشاورت کیلئے اسپیکر نےتمام جماعتوں کے پارلیمانی قائدین کا اجلاس پیرکو طلب کیا ہے

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے قومی اسمبلی سے مستعفی ہونے کے معاملے پر مشاورت کے لیے اسپیکر ایاز صادق نے تمام جماعتوں کے پارلیمانی قائدین کا اجلاس پیر کو طلب کر لیا ہے۔

مشاورتی اجلاس جو کہ اسپیکر چیمبر میں ہونے کا امکان ہے پاکستان پیپلز پارٹی(پی پی پی) سے تعلق رکھنے والے قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی تجویز پر بلایا گیا ہے۔

ڈان سے گفتگو میں سید خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کو مشورہ دیا ہے کہ تحریک انصاف کے ارکان کے استعفی فوری طور پر قبول نہ کیے جائیں، اس سے سیاسی بحران حل کرنے میں مدد نہیں مل سکے گی۔

سابق صدر آصف علی زرداری کی وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں قائد حزب اختلاف کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی جمہوری نظام کی حمایت کرتی ہے، یہ طے ہے کہ کسی بھی ماورائے آئین اقدام کو قبول نہیں کیا جائے گا جبکہ ایسے کسی بھی اقدام کو پوری قوت سے مسترد کر دیا جائے گا۔

خورشید شاہ نے بتایا کہ آصف علی زرداری نے نواز شریف سے ملاقات کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی اہم نکات ان کے سامنے پیش کیے۔

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے ایسے تمام خبروں کو مسترد کیا جن میں کہا جا رہا تھا کہ نواز شریف نے آصف زردار کو صدارت کی پیشکش کی ہے۔

قبل ازیں پاکستان عوامی تحریک(پی اے ٹی) کے ایک رہنما عامر فرید نے دعوی کیا تھا کہ نواز شریف نے آصف علی زرداری کو صدر بننے کی پیشکش کی ہے۔