آرمی چیف کی وزیراعظم سے ملاقات
وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی اس ملاقات میں ملکی سلامتی اوردھرنوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے دھرنوں اور مارچوں کی صورتحال پر غورو فکر کے لیے سیاسی اور عسکری قیادت کی ملاقاتیں جاری ہیں۔
ڈان ڈاٹ کام کے نمائندے متین حیدر کے مطابق منگل کو چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے دیگر سینیئر عسکری رہنماؤں کے ہمراہ وزیراعظم نواز شریف ملاقات کی جس میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے اسلام آباد میں جاری دھرنوں سے پیدا ہونے والی سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔
وزیراعظم نواز شریف نے میٹنگ کے دوران بتایا کہ حکومت نے دونوں جماعتوں کو اسلام آباد میں دھرنوں کو ختم کرنے کے حوالے سے مذاکرات کی دعوت دی لیکن ان کے رہنماؤں نے مذاکرات سے انکار کردیا۔