عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی گئی، شیخ رشید
گجرانوالہ: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے الزام عائد کیا ہے کہ گجرانوالہ میں مسلح افراد نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے کنٹینر پر فائرنگ کی۔
ڈان نیوز ٹی وی بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کنٹینر پر تقریباً تیس منٹ تک فائرنگ کی گئی اور مشتعل افراد نےعمران خان کےکنٹینرکا پیٹرول نکال لیا۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ کنٹینر میں وہ عمران خان اور پی ٹی آئی کےمرکزی رہنما شاہ محمود قریشی کے ہمراہ موجود تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے کارکنان خطرے میں ہیں اور عمران خان کا کنٹینر بلٹ پروف نہیں ہے۔
دوسری جانب تحریک انصاف کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شیریں مزاری نے کہا کہ عمران خان کےکنٹینرپر پتھراؤ بھی کیاگیا۔
شیریں مزاری نے کہاکہ کنٹینرپرپتھراؤکرنےوالوں کوپولیس نےتحفظ فراہم کیا۔
انہوں نے کہا کہ حکومتی ہتھکنڈوں کےبعد قافلےکےشرکاءمیں اضافہ ہوگا۔
شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ نوازشریف صاحب اپنااستعفیٰ تیارکرلیں۔