پاکستان

کراچی اسٹاک ایکسچینج مندی کے بعد قدرے سنبھلنے لگی

کل کراچی اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا تھا اور ہنڈریڈ انڈیکس 1309 پوائنٹس کی کمی پر بند ہوا تھا۔

کراچی: ایک روز کی شدید مندی کے بعد کراچی اسٹاک ایکس چینج میں آج نمایاں طور پر تیزی دیکھی جارہی ہے اور منگل کے روز ہنڈریڈ انڈکس 350 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 28 ہزار 425 تک پہنچ گیا ہے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق منگل کو کراچی اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز کے ساتھ ہی شدید مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا اور کاروبار کی شروعات کے پہلے بارہ منٹ کے دوران ہی پانچ سو پوائنٹس کی کمی واقع ہوگئی۔

معاشی ماہرین کا کہنا تھا کہ اگر اسی طرح مارکیٹ گرتی رہی تو گزشتہ روز کی طرح مارکیٹ پانچ فیصد پر دوبارہ گر جائے۔

لیکن پھر اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا رجحان دیکھنے میں آیا، اور دیکھتے ہی دیکھتے انڈکس میں 212 پوائنٹس کا اضافہ ہوگیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سرمایہ کاروں کی جانب سے اسٹاک ایکس چینج میں شیئرز کی خریداری جاری ہے۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق اسٹاک ایکسچینج میں ساڑھے نو بجے کاروبار کا آغاز ہوتا ہے، لیکن آج آغاز میں ہی منفی رجحان دیکھنے میں آیا اور شروعات میں ہی پانچ سو پوائنٹس کی کمی کے ساتھ انڈیکس ستائیس ہزار چھ سو پوائنٹس کی سطح پر آگیا۔

لیکن بعد میں 350 پوائنٹس اضافے کے بعد انڈکس 28 ہزار 425 پوائنٹس کی سطح تک پہنچ گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی کراچی اسٹاک ایکسچینج میں تاریخی مندی کا رجحان دیکھنے میں آیا تھا اور ہنڈریڈ انڈیکس 1309 پوائنٹس کی کمی پر بند ہوا تھا۔