اسلام آباد انتظامیہ کا مارچ کی اجازت دینے سے انکار
اسلام آباد کی ضلعی انتطامیہ نے پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کو ارسال کیے گئے خطوط میں انہیں وفاقی دارالحکومت میں آزادی مارچ اور انقلاب مارچ کی اجازت دینے سے انکار کردیا ہے۔
پیر کو بھیجے گئے خطوط میں اسلام آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ کا ذکر کیا گیا ہے جس کے تحت پانچ یا اس سے زائد افراد کے دارالحکومت میں اجتماع پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
یہ خطوط ڈپٹی کمشنر مجاہد شیردل کی جانب سے لکھے گئے جن میں سے تحریک انصاف کے خط میں کہا گیا ہے" چودہ اگست 2014ءکو پی ٹی آئی کی جانب سے اسلام آباد میں ریلی نکالی جارہی ہے، تاہم ہم یہ مطلع کرنا چاہتے ہیں موجودہ سیکیورٹی صورتحال اور اسلام آباد میں دفعہ 144 کے نفاذ کے پیش نظر تمام عوامی اجتماعات اور ریلیوں پر پابندی عائد ہے"۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی عوامی اجتماع کی اجازت اور سیکیورٹی کے مناسب انتظامات سمیت دفعہ 144 میں نرمی کے لیے ضلعی مجسٹریٹ سے کوآرڈنیشن کی ضرورت ہے، تاہم اب تک اسلام آباد انتظامیہ کو پی ٹی آئی یا عوامی تھریک کی جانب سے عوامی اجتماعات کے لیے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی اور نہ ہی انہیں اس کی اجازت دی گئی ہے۔
خط کے متن میں مزید کہا گیا ہے" وفاقی دارالحکومت کے رہائشیوں اور ریلی کے شرکاءکے تحفظ موثر اقدامات کے لیے پی ٹی آئی کی جانب سے ضلعی انتظامیہ کو معلومات فراہم کرنا ضروری ہے، اس کے علاوہ اسلام آباد میں ریلی کے موقع پر شرکاءکی تعداد کے پیش نظر انتظامیہ کو ٹریفک اور سیکیورٹی کے انتظامات کو یقینی بنانا ہوگا"۔
مجاہدشیردل نے پی ٹی کو مزید کہا ہے" ضلعی انتظامیہ سے تعاون سیکیورٹی کی موجودہ سنگین صورتحال میں بہت ضروری ہے(خاص طور پر آپریشن ضرب عضب کے پیش نظر)، یہ کہنے کی ضرورت نہیں عوام کی زندگیاں اور املاک کا تحفظ نہ صرف انتظامیہ بلکہ تمام سیاسی جماعتیں اور پاکستان کے قوانین ماننے والے تمام شہریوں کا فرض ہے"۔
اس سے قبل ڈپٹی کمشنر کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شہری انتظامیہ نے عام شہریوں پر اسلحہ لے کر چلنے، لاﺅڈ اسپیکرز کے استعمال اور ساﺅنڈ ایمپلی فائرز (ماسوائے اذان اور جمے کی نماز کے خطبے کے علاوہ)، آتشبازی کی خرید، فروخت اور اسٹاک سمیت ہینڈ بلز، پمفلٹس، پوسٹرز لگانے اور وال چاکنگ پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔
ہر رکاوٹ عبور کرنے کیلئے پرعزم پی ٹی آئی
تاہم تحریک انصاف اس معاملے پر بالکل واضح ہے اور اس کا کہنا ہے کہ آزادی مارچ ہر صورت میں نکل کر رہے گا۔
پی ٹی آئی کے سنیئر رہنماءنعیم الحق نے ڈان کو بتایا کہ کوئی رکاوٹ مارچ کو نہیں روک سکے گی۔
انہوں نے کہا" ضلعی انتظامیہ کو معلوم ہے کہ مارچ ہونے والا ہے تو انہیں کیا چیز ہم سے رابطہ کرنے یا ہمارے دفتر ے تبادلہ خیال روک رہی ہے؟۔