پاکستان

خاران: سیکیورٹی فورسز پر حملہ، بچے سمیت 3افراد ہلاک

کوئٹہ روڈ پر مسلح افراد نے فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے بعد دونوں اطراف سے شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔
|

کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے خاران میں مسلح افراد نے سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا اس مسلح تصادم کے نتیجے میں ایک خاتون اور بچے سمیت 3 افراد ہلاک ہوگئے۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ خاران کے علاقے کوئٹہ روڈ پر مسلح افراد نے فورسز کی گاڑی پر فائرنگ کی جس کے بعد مسلح افراد اور سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

فائرنگ کی زد میں آکر ایک خاتون اور بچے سمیت تین افراد ہلاک ہوگئے۔

مسلح افراد جائے وقوع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ملزمان کی گرفتاری کیلئے سیکیورٹی فورسز کی مزید نفری بھی طلب کی گئی۔

حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی بھی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔

واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں شورش زدہ علاقوں میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں اضافہ ہوا ہے، خاران کو بھی بلوچستان کے حساس شہروں میں شمار کیا جاتا ہے۔