پاکستان

اسحاق ڈار اور الطاف حسین میں ٹیلیفونک رابطہ

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈارکی ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے سیاسی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

اسلام آباد:وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین نے سیاسی تناؤ میں کمی کے لیے مفاہمت اور بات چیت کا راستہ اختیار کرنے اور جمہوری استحکام کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے جمعے کو ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فونک رابطہ کیا، جس میں سیاسی امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔

وزیر خزانہ نے ملک میں جمہوری استحکام کے لیے الطاف حسین کی کوششوں کو سراہا۔

اسحاق ڈارنے آئین اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے ایم کیو ایم کے قائد کے موقف کو بھی سراہا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے الطاف حسین سے بات چیت میں وزیراعظم کی جانب سے بلائی گئی قومی سیکیورٹی کانفرنس میں شرکت کے لیے ایم کیو ایم کی طرف سے نام مانگے۔

ایم کیو ایم کی طرف سے آج کسی وقت حکومت کو کانفرنس کے لیے نام دے دیئے جائیں گے۔