پاکستان

آرمی چیف کی آسٹریلیا کے وزیر دفاع اور سیکرٹری دفاع سے ملاقات

ملاقات کے دوران علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا، آئی ایس پی آر۔

راولپنڈی : چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف جو آسٹریلیا کے سرکاری دورہ پر ہیں، نے آسٹریلیا کے وزیر دفاع ڈیوڈ جانسن اور سیکریٹری دفاع ڈینس رچرڈسن کے ساتھ بدھ کی صبح ملاقاتیں کیں جن میں علاقائی سلامتی اور دوطرفہ دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق جنرل راحیل شریف نے آسٹریلوی آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل ڈیوڈ موری سن سے بھی ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان عسکری سطح پر روابط کو مزید تقویت دینے سے متعلق معاملات پر بات چیت ہوئی۔

بعد ازاں جنرل راحیل شریف نے ڈیفنس فورسز کے وائس چیف وائس ایڈمرل رے گرگز جن کے ہمراہ آسٹریلوی سروسز چیفس اور وزارت دفاع کے اعلیٰ حکام بھی تھے، کی میزبانی میں گول میز مباحثے میں شرکت کی۔

علاقائی سلامتی، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ دفاعی تعاون بڑھانے کی ضرورت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال ہوا۔

انسداد دہشت گردی میں پاکستان کے تجربات اور دھماکہ خیز ڈیوائسز سے نبرد آزما ہونے میں اس کی مہارت پر بھی بات چیت ہوئی اور اسے سراہا گیا۔

قبل آرمی ہیڈ کوارٹرز آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ جنرل راحیل شریف نے آسٹریلوی آرمی چیف لیفٹیننٹ جنرل ڈیوڈ موری سن کی جانب سے دی گئی ضیافت میں بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی۔