پاکستان

شریف برادران اتنا ظلم کریں جتنا برداشت کر سکیں، طاہر القادری

ڈاکٹر طاہر القادری کا کہنا تھا کہ 10 اگست کو یوم شہداء میں آنے والوں کا راستہ روکنےکی تیاری شروع ہوگئی ہے۔

لاہور: پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو ایک ایک لاش کا بدلہ دینا ہوگا۔

ڈان نیوز کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہر القادری پنجاب حکومت پر 'اوچھے ہتھکنڈے' استعمال کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ شریف برادران اتنا ہی ظلم کریں جس کا جواب بھی وہ برداشت کرسکیں'۔

انہوں نے 10اگست کو پر امن یوم شہداء منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ 'ابھی ہم نےیوم شہداء کا اعلان کیا ہے، یوم انقلاب کا نہیں'۔

طاہر القادری نے کہا کہ یوم شہداء میں آنے والوں کا راستہ روکنےکی تیاری شروع ہوگئی ہے اور پنجاب میں ٹرانسپورٹرز سے گاڑیوں کی چابیاں طلب کرلی گئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 'پولیس آئین اور قانون کے تابع رہے کیونکہ وہ جتنا ظلم کریں گے، ان کا مستقبل اتناہی خوفناک ہوگا'۔

پی اے ٹی سربراہ کا کہنا تھا کہ اس ملک میں کوئی ادارہ غیر سیاسی نہیں رہا اور وہ آئین اورقانون کی بالادستی اورسربلندی کی جنگ لڑرہےہیں۔

انھوں نے کہا کہ وہ حکمرانوں کو بھاگنے نہیں دیں گے۔