لائف اسٹائل

چاکلیٹ صحت کے لیے مفید

یہ میٹھی سوغات موٹاپے اور ذیابیطس ٹائپ ٹو کی روک تھام کیلئے بھی فائدہ مند ہے۔

نیویارک: چاکلیٹ کے شوقین افراد کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ یہ میٹھی سوغات موٹاپے اور ذیابیطس ٹائپ ٹو کی روک تھام کیلئے بھی فائدہ مند ہے۔

طبی جریدے جرنل آف ایگری کلچرل اینڈ فوڈ کیمسٹری میں شائع ہونے والی تحقیق کے مطابق چاکلیٹ میں موجود اینٹی آکسائیڈنٹ جسمانی وزن کو بڑھنے سے روکنے اور بلڈ شوگر لیول کم کرنے میں مددگار ثابت ہوتا ہے۔

تحقیق کے مطابق زیادہ چربی والی غذاﺅں کے استعمال کے بعد چاکلیٹ کا استعمال کیا جائے تو جسمانی وزن کو بڑھنے سے روکنے میں مدد ملتی ہے، جبکہ یہ گلوکوز کی مقدار کو بہتر بناتی ہے جو آگے بڑھ کر مہلک ذیابطیس ٹائپ ٹو کا سبب بھی بن سکتی ہے۔

طبی ماہرین کہتے ہیں کہ چاکلیٹ کے بہت فائدے ہیں کیونکہ چاکلیٹ سے ہمیں Flavonoids (مرکبات کا ایک گروہ) حاصل ہوتے ہیں۔

یہ مرکب پودوں سے حاصل ہونے والے ایسے صحت بخش اجزاء پر مشتمل ہوتا ہے جو پودوں کو مختلف بیماریوں اور کیڑوں سے بچاتے ہیں۔

اور جب ہم ایسی غذا کھاتے ہیں جس میں Flavonoids کی زیادہ مقدار موجود ہو تو یہ صحت بخش اجزاء ہمارے مدافعتی نظام کو بہتر بنا کر پروٹین بھی پیدا کرتے ہیں۔

یہ پروٹین مختلف بیماریوں جیسا کہ کینسر، دل کے عارضے اور انسانی عمر کے ساتھ بڑھتی بیماریوں کو روکنے میں مدد دیتے ہیں۔

ایک تحقیق میں دو ہزار سے زائد افراد پر چاکلیٹ کھانے سے انسانی دل پر ہونے والےاثرات کا جائزہ لیا گیا، اس تجربے سے ظاہر ہوا کہ چاکلیٹ انسان کا بلڈ پریشر کنٹرول رکھنے میں مدد دیتی ہے۔

یہ flavonoids چاکلیٹ کے علاوہ ایک اور پھل اسٹرابری میں بھی پائے جاتے ہیں، اسٹرابری پر چاکلیٹ لگا کر کھانے سے انسانی صحت بہتر اور قوتِ مدافعت مضبوط ہوتی ہے۔

اس کے علاوہ چاکلیٹ ایک عمدہ چیز ہے جسے تحفے تحائف کے تبادلے کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔