پاکستان

تحریک انصاف کا احتجاج جائز ہے، سراج الحق

امیر جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کاساتھ نہیں دیں گے۔

پشاور: امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے چودہ اگست کو تحریک انصاف کا احتجاج جائز ہے تاہم خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کے حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کاساتھ نہیں دیں گے۔

پشاور المرکز اسلامی میں پاکستان جمہوری اتحاد کے سربراہ صوبائی وزیر صحت شہرام خان ترکئی سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیرجماعت اسلامی سراج الحق نے کہا کہ چودہ اگست کو تحریک انصاف کا احتجاج جائزہے تاہم عمران خان نے اس سلسلے میں جماعت اسلامی سے کسی بھی قسم کی مشاورت نہیں کی۔

انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اسمبلی توڑنے سے متعلق تحریک انصاف کے فیصلے سے اتفاق نہیں کرتی۔

سراج الحق نے کہا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی توڑنے کے حوالے سے تحریک انصاف کاساتھ نہیں دیں گے کیونکہ خیبرپختونخوا میں ایسے حالات نہیں کہ اسمبلی توڑی جائے تاہم اگرپاکستان تحریک انصاف حکومت سے دستبردار ہوتی ہے تویہ اس کی مرضی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے سیاسی جماعتوں کو مسائل کا حل سیاسی انداز میں تلاش کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کو ہرقسم کے دباؤ سے آزاد ہونا چاہیے۔

سراج الحق کاکہنا تھا کہ آرٹیکل دو سو پینتالیس کا سہارا لے کر اسلام آباد کو فوج کے حوالے کرنا بلاجواز ہے۔