پاکستان

چکوال: غیرت کے نام پر جوڑے کا قتل

واقعہ کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرلیا، جبکہ دونوں قاتلوں کی گرفتاری کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

چکوال: پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر چکوال میں غیرت کے نام پر ایک جوڑے کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا۔

دونوں چکوال کے علاقے اشرف ٹاؤن میں اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ رہائش پذیر تھے۔

ذرائع کے مطابق لڑکا اور لڑکی کچھ عرصے سے ایک دوسرے سے محبت کرتے تھے، تاہم خاندان کے بزرگوں نے ان کی شادی سے انکار کردیا تھا۔

اس صورتحال پر دونوں نے گزشتہ مہینے 9 جولائی کو عدالت میں جاکر شادی کرلی، لیکن 12 جولائی کو لڑکی کے گھر والوں نے سٹی پولیس اسٹیشن میں اغوا کا مقدمہ درج کروادیا۔

پولیس ایس ایچ او سیکندر حیات نے ڈان سے بات کرتے ہوئے کہا کہ جمعہ کے روز لڑکی کے بھائیوں اس جوڑے کا پتہ لگایا اور وہاں سے انہیں اٹھا کر ان کے آبائی علاقے میں لے آئے اور ایک گاؤں کے قریب لے جاکر دونوں کو فائرنگ کرکے قتل ہلاک کردیا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں قاتل واقعہ کے بعد موقع سے فرار ہوگئے، جبکہ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔