عمران خان پارلیمنٹ میں آئینی کردار ادا کریں، خورشید شاہ
|
سکھر: قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ تحریکِ انصاف کے سربراہ عمران خان کو پارلیمنٹ میں ایک آئینی کردار ادا کرنا چاہیے۔
منگل کے روز سکھر میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما نے عمران خان پر زور دیا کہ وہ قومی اسمبلی کے اجلاس میں آکر کر انتخابی نظام میں بہتری کے لیے تجاویز پیش کریں۔
اس سے قبل خورشید شاہ نے جیکب آباد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کہا تھا کہ ہر سیاسی جماعت کو آئین کی حدود میں رہتے ہوئے حکومت کے خلاف احتجاج کرنے کا حق ہے۔
خیال رہے کہ خورشید شاہ کا بیان ایک ایسے وقت آیا ہے جب عمران نے ایک بار پھر 14 اگست کو انتخابات میں دھاندلی کے خلاف آزادی مارچ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
پیپلز پارٹی کے آصف علی ذرداری کے دورۂ امریکی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال پر خورشید شاہ نے کہا کہ یہ دورہ عام روٹین کا حصہ تھا جس کی منصوبہ بندی پہلے ہی کرلی گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری کا دورۂ امریکا سیاسی نہیں ہونا چاہیے۔
سید خورشید شا نے زور دیا کہ حکومت کو چاہیے وہ سیاسی قوتوں سے بات کرکے ان کے مسائل کو حل کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ جمہوری حکومت کو پانچ سالہ آئینی مدت مکمل کرنے کا حل دینا چاہیے۔