پاکستان

اسلام آباد سینما گھر آج کھلنے کی توقع

رمضان ِاحترام آرڈیننس کی خلاف ورزی پر بند کیے جانے والے سینما کے پانچ ملازمین رہا۔

اسلام آباد: اسلام آباد کی ضلعی انتظامیہ نے ہفتہ کو 1981 کے رمضان ِاحترام آرڈیننس کی خلاف ورزی پرسنچورئیس سینی پلیکس کو سیل کرتے ہوئے اس کے پانچ ملازمین کو گرفتار کر لیا تھا۔

اگرچہ گرفتار ملازمین کو رہا کر دیا گیا ہے اور سینما انتظامیہ کے مطابق وہ سینما دوبارہ کھولنے کے حوالے سے پیر کو ضلعی مجسٹریٹ کی عدالت میں درخواست دائر کریں گے۔

دوسری جانب، سینما نے تکلیف کا سامنے کرنے والے اپنے تمام ناظرین کو ٹکٹ کے پیسے واپس کردیے۔

سینی پلیکس کے ایک سینئر ملازم ڈینئل نے بتایا ' ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ سینما پیر کے روز کھول دیا جائے گا'۔

مرگلہ پولیس سٹیشن کے اے ایس آئی انور خان نے بتایا کہ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے ہفتہ کو رات گئے ملزمان کی ضمانت منظور کر لی، جس کے بعد گرفتار ملازمین کو رہا کر دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پیر کو ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں پیش ہوں۔

یاد رہے کہ احترام ِ رمضان آرڈیننس کے تحت غروب آفتاب سے اگلے تین گھنٹوں تک سینما کھولنے پر پابندی ہے۔

آرڈیننس کے مطابق، خلاف ورزی کرنے والے سینما مالک، مینیجر یا ملازمین پر چھ مہینے قید یا پانچ ہزار جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔