پاکستان

ماڈل ٹاؤن ٹربیونل: وزیر اعلٰی کے بیان کے لیے ایک دن کی توسیع

وزیر اعلٰی پنجاب شہباز شریف کو آج ایک جج پر مشتمل ٹربیونل کے سامنے اپنا بیان پیش کرنا تھا۔

لاہور: ماڈل ٹاون واقعہ پر جوڈیشل ٹربیونل نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کو بیان حلفی جمع کروانے کے لیے ہفتہ کو صبح گیارہ بجے تک کی مہلت دیدی۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیر اعلٰی کو جمعہ کو ایک جج پر مشتمل ٹربیونل کے جج جسٹس باقر نجفی کے سامنے اپنا بیان پیش کرنا تھا۔

سماعت شروع ہوئی تو سابق وزیر قانون رانا ثنا اللہ اور وزیر اعلی کے سابق پرنسپل سیکرٹری ڈاکٹر توقیر شاہ نے پیش ہوکر ٹربیونل کے پوچھے گئے سوالات کے جوابات دیئے۔

آج کی سماعت کے دوران، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب حنیف کھٹانہ نے ٹربیونل کو بتایا کہ وزیر اعلٰی ایک دس سالہ لڑکے کے زمیندار کے ہاتھوں ہاتھ کاٹے جانے کے بعد گجرات کے دورہ پر ہیں۔

اس دوران ایڈووکیٹ جنرل کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب کا بیان حلفی جمع کروانے کیلئے وقت مانگنے کی استدعا پر فاضل کمیشن نے چھبیس جولائی صبح گیارہ بجے تک کی مہلت دیدی۔

ٹربیونل پاکستان عوامی تحریک کے حامیوں اور پولیس کے درمیان جھڑپ کی تحقیقات کے لیے تشکیل دیا گیا تھا، واقعے کے نتیجے میں گیارہ افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوئے تھے۔