ناخوش زندگی کا سبب بننے والی سات عادتیں
نیویارک : ہر شخص خوشی کا حصول چاہتا ہے تاہم ہر ایک یہ سمجھ نہیں پاتا کہ مسرت ہوتی کیا ہے۔ یہ دل میں پایا جانے والا جذبہ ہے جسے باہری دنیا میں تلاش نہیں کیا جاسکتا۔
بدقسمتی سے لوگ سمجھتے ہیں کہ دولت سے خوشی حاصل کی جاسکتی ہے اور اسی لئے دن رات پیسے کمانے میں لگے رہتے ہیں، جوکہ ناخوش افراد کی ایک سب سے بڑی غلطی ہوتی ہے۔
اس کے علاوہ بھی ناخوش افراد کی چند بری عادتیں ہوتی ہیں جو ان کی زندگیوں کو بری طرح متاثر کرتی ہیں، ایسی ہی چند عادات کے بارے میں جانے اور ان سے بچنے کی کوشش کریں۔
ماضی کے بارے میں سوچنا اور مستقبل کے بہت زیادہ خواب دیکھنا
ماضی میں گم رہنا اور اپنی ناکامیوں، تکلیف دہ یادوں اور تنازعات کے بارے میں سوچتے رہنا آپ کو زندگی میں آگے بڑھنے سے روک سکتا ہے۔ اسی طرح مستقبل کے بارے میں بہت زیادہ خواب دیکھنا بھی کوئی اچھی عادت نہیں۔اگر ہم خوش رہنا چاہتے ہیں تو ہمیں حال میں زندہ رہنا سیکھنا چاہئے۔
چیزوں کو زیادہ پیچیدہ بنادینا
بہت زیادہ پیچیدہ زندگی موجود دور میں ایک عادت بن گئی ہے، زندگی کو زیادہ پیچیدہ بنانا ناخوشی کا احساس بڑھا دیتا ہے، جوکہ ہمارا ہی پیدا کردہ ہوتا ہے۔ لہذا چیزوں کو پیچیدہ نہ بنائے اور زندگی کو سادہ بنانے کیلئے نئی عادات اپنائیں۔
کمالیت کی کوشش
خوشی ہر چیز میں کمال یا پرفیکٹ بن جانے سے نہیں ملتی، دنیا میں کوئی بھی چیز مکمل نہیں، تو پرفیکشن کی کوشش وقت اور توانائی کے ضیاع سے زیادہ کچھ نہیں۔ ہر چیز میں پرفیکیٹ بننے کی کوشش آپ کی حالت قابل رحم بنادیتی ہے، اس سے آپ کا ذہن بھی متاثر ہوتا ہے اور خوداعتمادی بھی کم ہوجاتی ہے۔
منفی چیزوں پر توجہ دینا
ہر صورتحال کے صرف منفی پہلو دیکھنے سے زندگی میں خوشی باقی نہیں رہتی۔ ہر قسم کے حالات میں ہمیشہ کوئی نہ کوئی مثبت پہلو ضرور ہوتا ہے، اور بدترین حالات کو بھی تبدیل کرنا ممکن ہوتا ہے۔خوش اور ناخوش تمام افراد مسائل کا شکار ہوتے ہیں، مگر فرق ان کو حل کرنے کے طریقہ کار میں ہوتا ہے۔
اپنا اور دیگر افراد کا موازنہ
اپنی ذات کا دیگر افراد سے موازنہ بدترین عادات میں سے ایک ہے، ہم اکثر ملازمتوں، گھروں، گاڑیوں، رشتوں، دولت، کپڑوں اور دیگر متعدد چیزوں میں خود کا دیگر افراد سے موازنہ کرتے ہیں۔ اس طرح ہم دیگر افراد کی کامیابی پر اپ سیٹ ہوجاتے ہیں اور حسد کا بھی شکار ہوجاتے ہیں۔ یہ عادت آپ کو سوفیصد ناخوش بنادیتی ہے۔
محدود زندگی
اگر آپ خود کو پیچھے ہٹالیں گے اور اسے اس ڈر سے کھل کر نہیں جیئے گے کہ دیگر افراد کیا سوچیں گے، تو یہ عادت آپ کی زندگی کو محدود کردیتی ہے۔ ۔نئی چیزوں کو آزمانے میں کوئی برائی نہیں اور ہر ایک کو منفرد نظر آنے کا حق ہے۔ ناخوش افراد کا خیال ہوتا ہے کہ انہیں معلوم ہے کہ دیگر افراد کیسے انہیں دیکھتے ہیں اور ان کے بارے میں کیا سوچتے ہیں، دیگر افراد کے خیالات کی پروا کئے بغیر زندگی گزارنے کو اپنی عادت بنائیں۔
دولت پر بہت زیادہ توجہ دینا
دولت کمانا کوئی بری بات نہیں، مگر اگر آپ اپنا پورا وقت اس کے حصول پر صرف کردیں گے تو آپ کی حالت قابل رحم ہوجائے گی۔ بدقسمتی سے ہم میں سے بیشتر افراد اس بری عادت کا شکار ہوچکے ہیں۔ ہمارا ماننا ہے کہ دولت سے سب کچھ ممکن ہے اور اس وجہ سے ہم زندگی میں حاصل چیزوں کا شکر ادا نہیں کرتے۔دولت پر بہت زیادہ توجہ دینا ختم کردیں، اپنی روزمرہ کی نعمتوں سے لطف اندوز ہو۔