پاکستان

افتخار چوہدری کا عمران خان کو ہتک عزت کا نوٹس

سابق چیف جسٹس نے نوٹس میں عمران خان کی جانب سے معافی نہ مانگنے کی صورت میں 20 ارب روپے ہرجانے کا دعویٰ کیا ہے۔

اسلام آباد: سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری نے پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سربراہ عمران خان کو 20 ارب روپے ہرجانے کا نوٹس بھجوادیا۔

ڈان نیوز کے مطابق نوٹس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان نے معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

سابق چیف جسٹس کے وکلاء نے سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ عمران خان مسلسل عدلیہ کی تضحیک کر رہے ہیں۔

افتخار چوہدری کے وکلاء نے کہا کہ عمران خان اعلٰی عدلیہ کی بے توقیری اور ادارے کو بدنام کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اگر عمران خان نے اپنے الزامات پر معافی نہ مانگی تو ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس کے بیٹے ارسلان افتخار عمران خان کو قومی اسمبلی سے نااہل قراردلانے کے لیے پہلے ہی الیکشن کمیشن سے رُجوع کرچکے ہیں۔

ارسلان افتخار کا مؤقف ہے کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی میں اپنی بیٹی کی ولدیت کو چھپایا، جس کی وجہ سے وہ آئین کی شق باسٹھ اور تریسٹھ پر پورے نہیں اُترتے، لہٰذا اس لیے انہیں قومی اسمبلی کی رُکنیت سے نااہل قراردیا جائے۔

ارسلان افتخارکا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان اب صادق اور امین نہیں رہے اور ان کی قومی اسمبلی کی رکنیت کو معطل کیا جائے۔