پاکستان

'طاہر القادری سانحہ ماڈل ٹاؤن کی تفتیش میں تعاون نہیں کررہے ہیں'

وزیرِ قانون پنجاب رانا مشہود کا کہنا ہے کہ ٹریبیونل غیر جانبدارانہ طور پر اپنا کام کررہا ہے جس سے حقائق سامنے آجائیں گے۔

لاہور:وزیر قانون پنجاب رانا مشہود نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک ( پی اے ٹی) کے رہنما ڈاکٹر طاہر القادری ماڈل ٹاؤن سانحہ کی تفتیش میں تعاون نہیں کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ انکوائری ٹریبیونل غیر جانبدارانہ طور پر اپنا کام کررہا ہے اور اس کی رپورٹ میں حقائق سامنے آجائیں گے۔

اتوار کے ایک بیان میں وزیرِ قانون کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک کے سربراہ کو چاہیٔے کہ وہ پہلے اپنی کینیڈین شہریت کو ترک کردیں اور پھر پاکستان میں نظام کو بدلنے کی بات کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ بغیر کسی سیاسی حیثیت طاہر القادری کس طرح سے ملک میں آئین کو تبدیل کرسکتے ہیں؟

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی تحریک کے سربراہ کو سب سے پہلے پارلیمنٹ کا رکن بننا ہوگا اور پھر وہ آئین کی حدود میں رہتے ہوئے ملکی نظام کو تبدیل کرنے کے لیے کوششیں کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ طاہر القادری کو چاہیٔے کہ وہ پاکستان سے اپنی وفادری کو ثابت کریں۔

وزیر قانون کا مزید کہنا تھا کہ مغربی دشمن عناصر طاہر القادری کے ذریعے حکومت کی مخالفت کرنا چاہتے ہیں۔