ہندوستان کی سیالکوٹ سیکٹر پر فائرنگ، ایک پاکستانی شہری ہلاک
|
سیالکوٹ: ہندوستان کی جانب سے ایک مرتبہ پھر جنگ بندی کے معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیالکوٹ میں معراجکے اور چار وہ سیکٹرز پر گولہ باری اور بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں ایک پاکستانی شہری ہلاک، جبکہ دو خواتین اور ایک بچہ زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق ہندوستان کی جانب سے ایک ہفتے میں یہ تیسری مرتبہ پاکستانی علاقے میں بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس میں املاک کو بھی نقصان پہنچا۔
ترجمان رینجرز کے مطابق ہندوستانی سیکیورٹی فورسز یعنی بی ایس ایف کی جانب سے سیالکوٹ کے سرحدی علاقے میں بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کا سلسلہ اتوار کی صبح چار بجے شروع ہوا۔
فائرنگ سے زخمی ہونے والوں کو طبی امداد کے لیے بعد میں ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
ہندوستان کی فائرنگ پر چناب رینجرز کی طرف سے جوابی کاروائی کی گئی جس کے بعد فائرنگ کا سلسلہ روک گیا۔
رینجرز حکام کا کہنا ہے کہ ہندوستانی سیکورٹی فورسز کی جانب سے دو روز قبل بھی سجیت گڑھ سیکٹر پر بلا اشتعال فائرنگ کی گئی تھی مگر اس سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔