پاکستان

اسلام آباد میں نادرا اور پولیس کا سروے شروع

ڈیٹابیس مکمل ہونے کے بعد ہر شہری کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے گی۔

اسلام آباد: یورپی طرز پر ڈیٹا بیس کے لیے اسلام آباد میں نادرا اور پولیس کا سروے شروع کردیا گیا ہے جس سے دہشتگردی اور جرائم کی روک تھام میں مدد ملے گی۔

ڈان نیوز کے مطابق اسلام آباد میں شہریوں کے کوائف جمع کرنے کے لیے نادرا اور پولیس کی 40 مشترکہ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔

سروے دو ماہ میں مکمل ہوگا جبکہ اسلام آباد کے دیہات کا ڈیٹا بھی اس سروے میں جمع کیا جائے گا۔

ڈیٹابیس مکمل ہونے کے بعد ہر شہری کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جا سکے گی۔

خیال رہے کہ رواں سال اپریل میں اسلام آباد اور راولپنڈی کی مشترکہ رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو دونوں شہروں میں دہشت گرد حملے کرنے کے لیے سخت گیر مدرسوں سے حمایت مل رہی ہے ۔

اس مہینے دارالحکومت کی سبزی منڈی میں دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 24 افراد ہلاک جبکہ 115 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

اس کے علاوہ مارچ میں گیارہ افراد بشمول جج رفاقت اعوان اس وقت مارے گئے جب دارالحکومت کے ایف 8 کے علاقے میں شدت پسندوں نے ایک عدالت کو بم دھماکوں اور گولیوں سے نشانہ بنایا۔