پاکستان

سرگودھا: ٹریفک حادثے میں حساس ادارے کے پانچ اہلکار ہلاک

یہ اہلکار رائے ونڈ آپریشن کے دروان ہلاک ہونے والے ایلیٹ فورسز کے جوان کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے۔

سرگودھا: پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر سرگودھا میں گزشتہ ایک ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے حساس ادارے کے گیارہ اہلکاروں میں سے پانچ جمعہ کی صبح زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

یہ حادثہ سرگودھا کی تحصیل ساہیوال میں اس وقت پیش آیا جب حساس ادارے کے یہ اہلکار گزشتہ روز لاہور کے علاقے رائے ونڈ میں آپریشن کے دروان ہلاک ہونے والے ایلیٹ فورسز کے اہلکار کی نمازِ جنازہ میں شرکت کے بعد واپس آرہے تھے۔

ٹرک اور گاڑی کے تصادم میں حادثے میں گیارہ اہلکار زخمی ہوئے تھے، جن کو بعد میں طبی امداد کے لیے سی ایم ایچ ہسپتال منتقل کیا گیا جن میں سے پانچ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے۔

پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے پانچ اہلکاروں میں سے تین کا تعلق سرگودھا، جبکہ دو سرگودھا ڈویژن کے دیگر علاقوں سے تعلق رکھتے تھے۔

دوسری جانب ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی نمازِ جنازہ بھی آج سرگودھا کینٹ میں ادا کردی گئی ہے۔

سرگودھا سے سیف خان کی اضافی رپورٹنگ۔