لائف اسٹائل

زندگی گلزار ہے نے مچائی ہندوستان میں دھوم

پاکستانی ڈراموں نے ہندوستانی عوام پر جادو سا طاری کر دیا ہے اور ان کو اب ساس بہو سیریلز بالکل بھی پسند نہیں آرہے۔

ہندوستانی تماشائیوں پر پاکستانی ٹیلی ویژن ڈراموں نے جادو سا طاری کر دیا ہے اور ان کو اب اپنے ملک کے بنائے گئے ساس بہو سیریلز بالکل بھی پسند نہیں آرہے۔

ہندوستانی رپورٹ کے مطابق 23 جون سے ہندوستان میں زی ٹی وی انٹرٹینمنٹ کے بینر تلے زندگی ٹی وی کے آغاز سے لے کر اب تک دکھائے جانے والے ڈراموں نے وہاں کے ٹی وی سرکٹ میں دھوم مچا دی ہے۔

اس ٹی وی چینل سے اب تک مقبول پاکستانی ڈرامے 'زندگی گلزار ہے، عون زارا، کاش میں تیری بیٹی نہ ہوتی اورکتنی گرہیں باقی ہیں دکھائیجا رہے ہیں اورعنقریب 'نورپورکی رانی' بھی آن ایئر ہوگا۔

پاکستانی ڈراموں کی مقبولیت کا اندازہ سماجی میل جول کی ویب سائیٹس، زندگی ٹی وی کے فیس بک اور آفیشل پیج، اور مختلف بلاگنگ سائیٹس پر ہونے والی گفتگو سے بھی کیا جاسکتا ہے۔

ایک خاتون بلاگر نے سماجی میل جول کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں ہندوستانی سوپ ڈراموں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے مغز سیریلز، آپ کو اپنے پاکستانی مسابقین سے بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے۔ زندگی گلزار ہے اورعون زارا کتنے خوبصورت ڈرامے ہیں۔

ایک اور بلاگر نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ زندگی ٹی وی پر پاکستانی ڈرامے ہمارے ساس بہو والی سیریلیز کیلئے شرم سے ڈوب مرنے کامقام ہے۔

سنیل گاندھی نامی خاتون بلاگر نے لکھا 'ابھی ڈرامہ زندگی گلزارہے دیکھا۔ یہ یقیناً اس بکواس سے بہت بہتر اوراعلیٰ ہے جو ہم روزانہ اپنے ٹی وی چینلز پر دیکھ رہے ہیں۔

سوشل میڈیا استعمال کرنے والے ہندوستانی سامعین نے پاکستانی ڈراموں کے پوسٹرز شئیر کرنا شروع کر دئیے ہیں اور لوگ ایک دوسرے کو یہ ڈرامے دیکھنے کیلئے انوائیٹ بھی کر رہے ہیں۔

دلچسپ امر یہ ہے کہ پاکستانی ٹی وی ڈراموں کی نشریات کو اگرچہ ہندوستان میں شروع ہوئے محض بیس دن گزرے ہیں تاہم اس کے باوجود ان ڈراموں کے بارے میں عمومی رائے بہت مثبت اور حیران کن ہے۔

عام لوگوں کے ساتھ ساتھ شوبز سے وابستہ شخصیات نے بھی پاکستانی ڈراموں کو بھر پور انداز میں سراہا ہے، معروف بولی وڈ اداکار جاوید جعفری نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ میں نے ایک شام تین پاکستانی ڈراموں کی اقساط ایک سیشن میں دیکھیں، میراخیال ہے کہ پاکستانی ڈرامے ہندوستانی سیریلز کیلئے مقابلہ بازی کے میدان میں سنجیدہ خطرہ ہیں۔

بگ باس سیزن سات کی فاتح اداکار گوہر خان نے بھی پاکستانی ڈراموں کیلئے انہی خیالات کا اظہارکرتے ہوئے سماجی میل جول کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ 'پاکستانی ڈرامے شاندار ہیں اورمجھے زندگی گلزارہے بالخصوص بہت پسند ہے۔

متعدد ہندوستانی ناظرین نے اس رائے کا بھی اظہار کیا ہے کہ پاکستانی ڈرامے سکرپٹ، ڈائیلاگ، سکرین پلے اور دیگر تکنیکی شعبوں میں ہندوستانی ٹی وی ڈراموں سے کہیں آگے ہے۔