پاکستان

اداروں نے ہمیشہ ہمارا راستہ روکا،یوسف رضا گیلانی

سابق وزیر اعظم کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اداروں کو مضبوط کیا،پانچ سال پورے کرنا پارلیمنٹ کو وقت دینے کا نتیجہ ہے۔

اسلام آباد : سابق وزیر اعظم یوسف گیلانی کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ اداروں کو مضبوط کیا لیکن اداروں نے ہمیشہ ہمارا راستہ روکا، موجودہ صورت حال میں ملک کسی تصادم کا متحمل نہیں ہو سکتا ہے۔

اسلام آباد میں افطار ڈنر کے موقع پر سابق وزیر اعظم نے میڈیا سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے اداروں کو مضبوط کیا لیکن اداروں نے ہمارا راستہ روکا۔

یوسف رضا گیلا نی کا کہنا تھا کہ ہمارے دورمیں مسلم لیگ(ن) نے پارلیمان کو کمزور کیا، پانچ سال پورے کرنا پارلیمنٹ کو وقت دینے کا نتیجہ ہے، مجھے نااہل قرار دینا سراسر زیادتی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ مشرف کیس اور میمو اسکینڈل ایک جیسے ہی ہیں، میمو کیس میں کون کالا کوٹ پہن کر ہمارے خلاف عدالت گیا ؟ مگر ہم کبھی کسی کے خلاف عدالتوں میں نہیں گئے۔

پیپلز پارٹی کے رہنما کا مزید کہنا تھا کہ پی پی پی کو وزارتوں کی پیشکش کا علم نہیں ہے، وزارتوں کے معاملے پر پارٹی ہی فیصلہ کرے گی۔

سابق وزیراعظم گیلانی نے بتا یا کہ عمران خان کی جانب سے چار حلقوں میں ووٹوں کی تصدیق کے حوالے سے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے دیئے گئے بیان کی پارٹی مکمل حمایت کرتی ہے۔