پاکستان

ٹریفک وارڈن کیس: عمر اکمل کی ایک بار پھر مقدمہ کی درخواست

درخواست میں عمر اکمل نے کہا ہے کہ ٹریفک وارڈن ذیشان نے تھانہ گلبرگ پولیس کے ذریعے ان پر صلح کے لیے دباؤ ڈلوایا تھا۔

لاہور: پاکستان کرکٹ کے نوجوان کھلاڑی اور وکٹ کیپر عمر اکمل نے لاہور میں ٹریفک وارڈن سے جھگڑے کے معاملے میں ایک بار پھر مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست دائر کی ہے۔

خیال رہے کہ رواں سال 6 مارچ کو یہ مقدمہ اس وقت ختم ہوگیا تھا کہ عمر اکمل کے والد نے ٹریفک وارڈن سے تحریری طور پر معافی مانگی تھی۔

عمر اکمل اور ٹریفک پولیس وارڈن کے درمیان جھگڑا ختم ہوگیا

عمر اکمل کی جانب سے یہ درخواست لاہور کی ایڈیشنل اینڈ سیشن عدالت کے جج صفدر علی بھٹی کی عدالت میں دائر کی گئی ہے۔

عمر اکمل کے وارنٹ جاری

درخواست میں عمر اکمل نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ٹریفک وارڈن ذیشان نے تھانہ گلبرگ پولیس کے ذریعے ان پر صلح کے لیے دباؤ ڈلوایا تھا اور انہیں ایسا کرنے پر مجبور کیا گیا۔

درخواست میں عدالت سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ ٹریفک وارڈن ذیشان کے خلاف کارروائی کرے۔

درخواست پر عدالت نے تھانہ گلبرگ سے تمام ریکارڈ طلب کرلیا ہے۔

یاد رہے کہ لاہور کے علاقے گلبرگ میں یہ واقعہ اس وقت پیش آیا تھا جب عمر اکمل کیولری گراؤنڈ سے فردوس مارکیٹ کی طرف آرہے تھے جہاں ٹریفک وارڈن ذیشان کے مطابق اس دوران انہوں نے تین سگنل کی خلاف ورزی کی تھی۔

تاہم عمر اکمل نے اس الزام کومستر کرتے ہوئے کہا تھا کہ پہلے ٹریفک وارڈن نے ان پر حملہ کیا تھا۔