پاکستان

'وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات جاننے کا حق ہر ایک کو حاصل ہے'

لاہور ہائی کورٹ میں ایک درخواست کی سماعت ہوئی جس میں وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات پر اعتراضات اٹھائے گئے تھے۔

لاہور: لاہور ہائی کورٹ کا کہنا ہے کہ ملک کے ہر شہری کے پاس وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات کے بارے میں جاننے کا حق حاصل ہے۔

لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس خالد محمد خان نے یہ ریمارکس وزیراعظم ہاؤس میں رہائش پذیر اعلیٰ حکام کے لیے بلٹ پروف گاڑیوں اور سیکیورٹی کے لیے انہیں خصوصی تربیت والے کتے فراہم کرنے پر اٹھائے گئے سوالات سے متعلق دائر درخواست کی سماعت کے دوران دیے۔

یہ درخواست لائیرز فاؤنڈیش کے ایڈوکیٹ فیروز شاہ گیلانی کی جانب سے ہائی کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔

جیسے ہی عدالت نے پیر کی صبح سماعت شروع کی تو وفاق کے وکیل نے درخواست گزار پر اعتراضات اٹھائے۔

انہوں نے کہا کہ درخواست گزار کو یہ حق نہیں ہے کہ وہ وزیراعظم ہاؤس کے اخراجات پر سوالات اٹھائے۔

تاہم جسٹس خالد کا کہنا تھا کہ ایک پاکستانی شہری ہونے کی حیثیت سے درخواست گزار کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ جان سکے کہ وزیراعظم ہاؤس کے کیا خراجات ہیں۔

سماعت کے دوران حکومتی وکیل نے درخواست گزار کے اعتراضات پر تحریری جواب کے لیے عدالت سے مہلت طلب کی۔

عدالت نے وکیل کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت کو ملتوی کردیا۔