مشرف غداری کیس میں استغاثہ نے شہادتیں پیش کردیں
|
اسلام آباد: پاکستان کے سابق فوجی صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس کی سماعت کے دوران ایف آئی اے کے ایڈینشل ڈائریکٹر اور استغاثہ کے گواہ خالد رسول کی شہادت قلمبند کرلی گئی ہے۔
جسٹس فیصل عرب کی سربراہی میں تین رکنی خصوصی عدالت نے مشرف غداری کیس کی سماعت آج بدھ کی صبح ہوئی۔
دورانِ سماعت استغاثہ کی جانب سے دستاویزی شہادتیں پیش کرنے کا مرحلہ مکمل کرلیا۔
خالد رسول نے عدالت کو بتایا کہ پی ٹی وی سے مشرف کی تین نومبر کی تقریر کی سی ڈی حاصل کرلی ہے جو اب تفتیشی ٹیم کے سربراہ خالد قریشی کے حوالے کردی گئی ہے۔
استغاثہ کے گواہ کا بیان مکمل ہونے کے بعد عدالت نے قرار دیا کہ آئندہ سماعت پروکیل صفائی خالد رسول پرجرح کریں گے۔
دوران سماعت وکلاء صفائی نے خالد قریشی اور مقصودالحسن کو طلب کرنے کی استدعا کی تاہم جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ پہلے جرح مکمل ہو جائے پھر اس کے بارے میں فیصلہ کیا جائے گا.
کیس کی سماعت پانچ اگست تک ملتوی کردی گئی۔