پاکستان

خورشید شاہ کی حکومت کی مدت چار سال کرنے کی تجویز

تجویز پر عمل درآمد کے نتیجے میں متعدد سیاسی، جمہوری اور حکومتی مسائل حل ہوجائیں گے، اپوزیشن رہنما۔
|

اسلام آباد: قومی اسمبلی میں اپوزیشن رہنما سید خورشید شاہ نے انتخابی اصلاحات پر بات چیت کرتے ہوئے حکومت کی مدت چار سال کرنے کی تجویز پیش کی۔

پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے پانچ سال پورے کرسکتی ہے جبکہ اس تجویز کو اگلی آنے والی حکومت پر نافذ کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس تجویز پر عمل درآمد کے نتیجے میں متعدد سیاسی، جمہوری اور حکومتی مسائل حل ہوجائیں گے۔

ایک سوال کے جواب میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے یہ تجویز پارٹی سے مشاورت کے بعد دی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر کو بااختیار ہونا چاہیے، ابھی ان کا کردار ایک ممبر جتنا ہے۔

اپوزیشن رہنما کے مطابق چیف الیکشن کمشنر کے لیے صرف جج ہونے کی پابندی سے آپشن محدود ہیں۔

خور شید شاہ نے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ سینیر بیوروکریٹس، سینیر وکلاء کو بھی چیف الیکشن کمیشنرکے عُہدے کا اہل کرنے کی آئینی ترمیم ہونی چاہیے۔