پاکستان

وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے، آرمی چیف

راحیل شریف کی گیاری میں یادگار شہداء پرحاضری، افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

راولپنڈی: بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ہفتہ کو سیاچن گلیشیئر کا دورہ کیا اور دنیا کے بلند ترین محاذ جنگ پر فوجیوں کے ساتھ وقت گزارا۔

انہوں نے گیاری میں یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور ان تمام بہادر افسروں اور جوانوں کوخراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے وطن کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فوجیوں سے بات چیت کرتے ہوئے جنرل راحیل شریف نے انتہائی چیلنج دہ ماحول اور کٹھن موسم کے باوجود فوجیوں کے اعلیٰ مورال کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج طاقتور قوت ہے جو خطرات کے مقابلہ کی پوری صلاحیت رکھتی ہے۔

انہوں نے فوجیوں سے کہا کہ وہ اپنی توجہ پیشہ ورانہ ذمہ داریوں اور تربیت پر مرکوز کریں تاکہ کسی بھی ابھرتے ہوئے چیلنج کا موثر جواب دیا جائے۔

فوجیوں کی پیشہ ورانہ تیاری اور جذبہ کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم وطن کے دفاع کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔