دنیا

نائجیریا کے دارالحکومت میں بم دھماکا، 21 افراد ہلاک

دھماکے کے وقت علاقہ خریداروں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا،ریسکیو ذرائع۔

ابوجا: نائجیریا کے دارالحکومت ابوجا میں پر ہجوم شاپنگ سینٹر میں بدھ کو بم دھماکے کے نتیجے میں اکیس افراد ہلاک اور سترہ زخمی ہو گئے۔

نائجیریا کے نیشنل ایمرجنسی مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان حزقی منزو نے بتایا کہ دھماکا ابوجا کے کاروباری ضلع میں واقع ایمب پلازہ میں ہوا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکہ، مال کے داخلی راستے پر ہوا، دھماکا اتنا زور دار تھا کہ اس کے نتیجے میں عمارتوں کی کھڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے، اور دھواں کے گہرے سیاہ بادل ہوا میں اڑتے دکھائی دیے۔

جائے وقوعہ پر موجود پولیس ترجمان نے صحافیوں کو 'ابتدائی تحقیقات کے حوالے سے اکیس افراد کی ہلاکت اور سترہ کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے'۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کے وقت علاقہ خریداروں سے کھچا کھچ بھرا ہوا تھا۔

انہوں نے بتایا کے دھماکے میں تقریبا چالیس کاروں کو بری طرح نقصان پہنچا ہے۔

دھماکے کے فورآ بعد ریسکیو عملہ، پولیس اور فوج جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، اور سیکورٹی فورسز نے ارگرد کے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔

پولیس ترجمان کے مطابق اس دھماکے کی کسی گروپ نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے تاہم صومالی مذہبی عسکریت پسند گروپ بوکو حرام گزشتہ دس ہفتوں میں دو بار دارالحکومت کو نشانہ بنا چکا ہے۔