سندھ ہائی کورٹ نے مشرف کی ای سی ایل سے متعلق درخواست مسترد کردی

پرویز مشرف نے سندھ ہائی کورٹ میں ای سی ایل سے نام خارج کرنے سے متعلق نظرِ ثانی درخواست کی تھی۔

کراچی: سندھ ہائی کورٹ نے سابق فوجی صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے سے متعلق دائر نظرِثانی درخواست مسترد کردی ہے۔

خیال رہے کہ سابق صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف کی جانب سے سندھ ہائی کورٹ میں فیصلے پر نظر ثانی کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

اس سے قبل پیر کے روز سپریم کورٹ نے مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ کا حکم نامہ معطل کردیا تھا۔

رواں مہینے سندھ ہائی کورٹ نے 12 جون کو سندھ ہائی کورٹ نے پرویز مشرف کا ای سی ایل سے خارج کرنے کا حکم دیتے ہوئے انہیں بیرونِ ملک سفر کرنے کی اجازت دے دی تھی۔

فیصلہ جاری کرتے ہوئے عدالت کا کہنا ہے کہ مخالف فریقین پندرہ روز میں سپریم کورٹ سے رجوع کر سکتے ہیں، جبکہ پرویز مشرف آئندہ پندرہ روز تک ملک سے باہر نہیں جا سکیں گے۔

اس کے دو روز کے بعد وفاقی حکومت نے سندھ ہائی کورٹ کے اس فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کردیا تھا۔

یاد رہے کہ وزارت داخلہ نے پانچ اپریل 2013 کو سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل میں شامل کیا تھا، جس کے بعد پرویز مشرف نے چھ مئی 2014 کو اپنا نام ای سی ایل سے نکلوانے کے لیے سندھ ہائی کورٹ سے رجوع کیا تھا۔