کسی کو اسلام آباد میں مارچ کی اجازت نہیں دیں گے، نثار
اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ علامہ طاہر القادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئی کسی شبے میں نہ رہے، کسی کو جلسے یا دھرنے کی آڑ میں اسلام آباد پر مارچ کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
اتوار کو جاری اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ سیاسی جلسے کرنے کی ہر ایک کو اجازت ہے مگر غیر آئینی طور پر حکومت کو گرانے کا دعویٰ اور عزم رکھنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ اگر طاہر القادری صاحب لاہور آ رہے ہیں تو حکومت کو کیا اعتراض ہو سکتا ہے مگر لاہور کے بجائے اسلام آباد میں اترنے کرنے کی منطق سمجھ سے بالاتر ہے۔
یاد رہے کہ عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کل کینیڈا سے براستہ دبئی اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔
چوہدری نثار نے کہا کہ شدید سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر طاہر القادری صاحب اور اُن کے رفقاء کو بحفاظت لاہور پہنچانا حکومت کی ذمے داری ہے۔
اس موقع پر انہوں نے سوال کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت تمام سیکورٹی اداروں کی توجہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پر مرکوز ہے مگر یہ بات سمجھ سے بالا تر ہے کہ طاہر القادری صاحب اس موقع پر اس میں خلل کیوں ڈالنا چاہتے ہیں۔
وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ اس میں کسی قسم کا ابہام نہیں ہونا چاہیے کہ نہ تو کل اور نہ آئندہ اسلام آباد میں مارچ کی اجازت دی جائے گی۔
موبائل فون سروس کی بندش پر غور
دوسری جانب غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق حکام کل جڑواں شہروں میں موبائل فون سروس بند کرنے پر بھی غور کر رہے ہیں۔
کل کسی بھی غیر متوقع صورتحال سے بچنے کے لیے اسلام آباد کے تمام داخلی اور خارجی راستے کنٹینر لگا کر بند کر دیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں دہشت گردی کے خطرے سے نمٹنے کے لیے موبائل فون کی بندش زیر غور ہے اور اس حوالے سے آج رات تک حتمی فیصلہ کیا جا سکتا ہے۔
اگر حکومت موبائل فون سوس کی بندش کا فیصلہ کرتی ہے تو یہ 2014 میں پہلا موقع ہو گا جب کسی موقع پر موبائل سروس بند ک جائے گی۔
مشرف کی یاد تازہ ہو گئی
اس صورتحال پر پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی گرفتاریاں غیرجمہوری ہیں عمل ہے اور حکومتی رویے سے آمر مشرف کی یاد تازہ ہوگئی۔
خورشید شاہ کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت غلطیوں پر غلطیاں کرنے سے گریز کرے، پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی گرفتاریاں غیرجمہوری عمل ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ لاہور واقعے سے ڈکٹیٹر پرویز مشرف کی یاد تازہ ہوگئی ہے اور ن لیگ کو اب ضیاالحق کی روح سے جان چھڑانی چاہیے۔
طاہر القادری کی اسلام آبادآمد کے موقع پر جڑواں شہروں میں سی این جی مالکان نے کل اسٹیشنز بند رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
چیئرمین آل پاکستان سی این جی ایسوسی ایشن غیاث پراچہ کے مطابق شاہراہیں بند ہونے کے باعث اسٹیشنز بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شیڈول کے مطابق راولپنڈی اسلام آباد کے اسٹیشنز کل صبح چھ بجے کھلنا تھے لیکن معروضی حالات کے باعث اسٹیشنز بند رہیں گے۔