پاکستان

رانا ثناء اللہ کو قربانی کا بکر ابنایا گیا: خورشید شاہ

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا کہ وزیرِ داخلہ کا منظرِ عام سے غائب رہنا سوالیہ نشان ہے۔

اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کا کہنا ہے کہ لاہور واقعے کے بعد صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کو قربانی کا بکرا بنایا گیا ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا منظر عام سےغائب رہنا سوالیہ نشان ہے۔

ڈاکٹر طاہر القادری کی وطن واپسی کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر قادری سے میرا گزشتہ روز رابطہ ہوا تھا، اگر میں ملک میں ہوا تو ان کے استقبال کے لیے ضرور جاؤں گا۔

عام انتخابات کے حوالےسے گفتگو کرتے ہوئےانہوں نے کہا کہ رحیم یار خان میں قومی اسمبلی کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کو پہلے برتری حاصل تھی، بعد میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کو 41 سو ووٹوں کی برتری دے دی گئی۔

سید خورشید شاہ نے کہا کہ ہم نے مسلم لیگ ن سے کہا ہے کہ اگر اب بھی انہیں سیٹوں کی ضرورت ہے تو ہم انہیں ایک دو دے دیتے ہیں۔