پاکستان

ڈیرہ غازی خان: لڑکی سے اجتماعی زیادتی، ہسپتال میں دم توڑ دیا

مرکزی ملزم اور اس کے دونوں ساتھیوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے جنہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا، پولیس۔

ڈیرہ غازی خان: ڈیرہ غازی خان میں لڑکی کو مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق لڑکی کی مبینہ طور پر فون پر ملزم سے موبائل فون پر دوستی ہوئی تھی۔

اطلاعات کے مطابق ضلع شیخوپورہ کی رہائشی اس لڑکی کو ان کا دوست لاہور سے ڈیرہ غازی خان لے آیا جہاں پر ملزم اور اسکے دو ساتھیوں نے لڑکی کو مبینہ اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

ڈی ایس پی سٹی نصر اللہ وڑائچ کے مطابق ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جنہوں نے اپنے جرم کا اعتراف کرلیا جبکہ ان کے خلاف کیس بھی رجسٹر کرلیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ لڑکی کی حالت غیر ہونے پر ملزمان انہیں ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر اسپتال لے آئے جہاں انہیں مردہ قرار دے دیا گیا۔

ملزمان لڑکی کو ہسپتال میں چھوڑ کر فرار ہوگئے تاہم پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔

پولیس کے مطابق تینوں ملزمان آپس میں کزنز تھے جبکہ مرکزی ملزم شادی شدہ اور تین بچوں کا والد ہے۔

۔—طارق برمانی کی اضافی رپورٹنگ کے ساتھ۔