پاکستان

سمندری طوفان۔ ٹھٹہ کے ساحلی علاقے میں طغیانی

سمندری لہروں میں طغیانی کی وجہ سے بارہ سے زائد دیہات زیرِ آب، جبکہ ساحلی شہروں میں بارش کا امکان۔

کراچی: بحیرۂ عرب میں بننے والے سمندری طوفان کی وجہ سے ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں میں طغیانی آگئی ہے۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق طغیانی کے باعث ٹھٹھہ کے ساحلی علاقوں سے متصل 12 سے زائد دیہات زیرآب آگئے ہیں۔

جبکہ کیٹی بندر اور کھارو چھان کے علاقوں میں سمندری پانی داخل ہوگیا ہے۔

جس کی وجہ سے دیہاتیوں کی بڑی تعداد نقلِ مکانی پر مجبور ہوگئی ہے۔

پاکستان کے محکمۂ موسمیات نے گزشتہ روز ایک بیان میں کہا ہے کہ نانوک نامی یہ طوفان اس وقت عمان کے ساحل کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کا 15 سے 16 جون کے درمیان عمان کی ساحلی پٹی سے ٹکرانے کا امکان ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طوفان سے پاکستانی ساحلی علاقوں کو اس وقت کوئی خطرہ نہیں ہے، تاہم اس کی وجہ سے ہفتے سے اتوار تک سندھ اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں ہلکی اور کہیں تیز بارش ہوسکتی ہے۔

یہ طوفان شمال مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے جس کے ساحل سے ٹکرانے کے بعد سندھ اور بلوچستان کی ساحلی پٹی پر ہلکی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے حفاظتی انتظامات کے تحت ساحل سمندر پردفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے سمندر میں نہانے پر پابندی عائد کردی ہے۔