خضدار: نامعلوم افراد کی فائرنگ، نون لیگ کے صدر ہلاک
واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ پولیس کی نفری نے پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔
کوئٹہ: پاکستان کے جنوب مغربی صوبہ بلوچستان کے ضلع خضدار میں آج جمعہ کے روز نامعلوم افراد کی فائرنگ سے مسلم لیگ نون کے صدر محمد عالم جتک ہلاک ہوگئے ہیں۔
ایک پولیس اہلکار ماجید ماری نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا کہ موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح افراد نے حاجی محمد عالم جتک پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔
اہلکار نے بتایا کہ یہ واقعہ خضدار کے سول ہسپتال کے قریب پیش آیا۔
واقعہ کے بعد حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جبکہ پولیس کی نفری نے پہنچ کر تفتیش شروع کردی ہے۔
مقتول مسلم لیگ نون خضدار کے سربراہ ہونے کے ساتھ ساتھ تاجر برادری کے نائب صدر بھی تھے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر یہ ٹارگیٹ کلنگ کا واقعہ لگتا ہے، لیکن ابھی اس کی تفتیش کی جارہی ہے۔
اس واقعہ کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی ہے۔