لائف اسٹائل

رانی پولیس افسر کے روپ میں

یش راج فلمز کی پروڈکشن میں بننے والی 'مردانی' کو حقییقت پر مبنی ایک فکشن فلم قرار دیا جا رہا ہے۔

بولی وڈ کی رانی اب پولیس افسر کے روپ میں ایک بار پھر فلموں میں انٹری دینے کو تیار ہیں۔

گلیمرس اداکار رانی مکھرجی کی نئی فلم 'مردانی' کی کہانی انسانی اسمگلنگ پر مبنی ہے۔

اس فلم کو حقییقت پر مبنی ایک فکشن فلم قرار دیا جا سکتا ہے، جس میں 36 سالہ رانی مکھرجی ایک پولیس افسر کے روپ میں نظر آئیں گی۔

فلم 'مردانی' کے ترجمان کے مطابق فلم کا مرکزی خیال انسانی اسمگلنگ ہے اوریہ حقیقی واقعات سے متاثر ہوکر بنائی جا رہی ہے، لیکن اصل کیسز کو منظرِ عام پر نہیں لا یا جائے گا۔

فلم کے ڈائریکٹر پردیپ سرکار ہیں، جنھوں نے رانی مکھرجی کی فلم 'لگا چنری میں داغ' کی بھی ہدایات دی تھیں۔

یش راج فلمز کی پروڈکشن میں بننے والی یہ فلم 22 اگست کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

مردانی' رانی مکھرجی کی ہدایت کار و پروڈیوسر ادتیہ چوپڑہ سے شادی کے بعد پہلی فلم ہے۔'