ایبٹ آباد: ضمنی انتخابات میں نون لیگ کو واضح برتری
ایبٹ آباد: پاکستان کے صوبے خیبر پختونخوا کے شہر ایبٹ آباد کے ایک حلقہ پی کے پینتالیس کے تمام ایک سو نو پولنگ اسٹیشن کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق مسلم لیگ ن کے امیدوار فرید عباسی اٹھائیس ہزار ایک سو ستاسی ووٹ حاصل کرکے کامیاب ہوگئے۔
جبکہ پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار علی اصغر اکیس ہزار تین سو پچاسی ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
یاد رہے کہ یہ نشست مسلم لیگ کے رہنما سردار مہتاب عباسی نے گورنر کے عہدے پر فائز ہونے کے بعد خالی کی تھی۔
غیر سرکاری نتائج سامنے آنے کے بعد ن لیگ کے کارکنوں اور حامیوں نے جیت کا جشن منایا۔
اس سے قبل گزشتہ روز پولنگ کے دوران یوسی نمبل کے گاؤں کرلی میں تحریک انصاف اور ن لیگ کے کارکنوں میں تصادم کے بعد پولنگ کا عمل عارضی طور پر روک دیا گیا تھا۔
اس حلقے میں کل رجسٹر ووٹرز کی تعداد اٹھارہ ہزار سات سو پینسٹھ تھی، جہاں پر ایک سو نو پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے تھے۔
اس نشست پر سات امیدوار مدِ مقابل تھے، لیکن اصل مقابلہ موجودہ گورنر کے پی سردار مہتاب خان عباسی کے بھائی اور پاکستان مسلم لیگ نون کے امیدوار سردار فرید خان عباسی اور تحریک انصاف کے علی اصغر خان کے درمیان تھا۔