کھیل

ٹینس: گرینڈ سلیم اوپن کی نئی تاریخ رقم

کروشیا کی ایجلا ٹام جانووک نے فرنچ اوپن کے ویمنز سنگلز ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ میں راڈونسکا کو شکست دے کر تاریخ رقم کر دی۔

پیرس: کروشیا کی نوجوان کھلاڑی ایجلا ٹام جانووک نے فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے ویمنز سنگلز ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ میں تھرڈ سیڈ آگنسکا راڈونسکا کو اپ سیٹ شکست دے کر نئی تاریخ رقم کر دی۔

یہ گرینڈ سلیم تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ٹاپ تین کھلاڑی پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہیں۔

اس سے قبل عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز اور لی نا بھی شکستوں کے بعد ٹائٹلز کی دوڑ سے باہر ہو چکی ہیں۔

فرانس میں جاری ایونٹ میں اپ سیٹ شکستوں کا سلسلہ جاری ہے، ایونٹ میں پہلا بڑا اپ سیٹ اس وقت ہوا تھا جب ایشین سٹار پلیئر چین کی لی نا اور سیکنڈ سیڈ پہلے راؤنڈ میں شکست کے بعد ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔

عالمی نمبر ایک اور ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز کو دوسرے راؤنڈ میں حریف اسپینش کھلاڑی گربائن کے ہاتھوں شکست ہوئی اور اس کے ساتھ ہی ان کی امریکا واپسی کا ٹکٹ بک ہوا۔

پیرس میں جاری ایونٹ میں جمعہ کو کھیلے گئے ویمنز سنگلز ایونٹ کے تیسرے راؤنڈ میں کروشین پلیئر ایجلا نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پولینڈ کی کھلاڑی آگنسکا راڈونسکا کو شکست فاش سے دو چار کر کے اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

ایجلا کی فتح کا اسکور 6-4 اور 6-4 رہا۔

یہ گرینڈ سلیم تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ تینوں ٹاپ کھلاڑی پری کوارٹر فائنل راؤنڈ سے پہلے ہی ایونٹ سے باہر ہو گئیں۔