پاکستان

غیر ملکی جارحیت کیخلاف ملک کا دفاع کیا جائیگا، آرمی چیف

اردن کی فضائیہ سے حاصل کیے گئے ایف سولہ طیاروں کو پاک فضائیہ کے حوالے کردیا گیا۔

سرگودھا: اردن کی فضائیہ سے حاصل کیے گئے ایف سولہ طیاروں کو پاک فضائیہ کے حوالے کردیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق سرگودھا ائیربیس پر انیس اسکواڈرن کو ایف سولہ طیارے حوالے کرنے کی سادہ اور پر وقار تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب کے مہمان خصوصی آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا کہ مشکلات کے باوجود بیرونی جارحیت کا مقابلہ کریں گے۔

اردن کی فضائیہ سے حاصل کیے گئے ایف سولہ طیاروں کی پاک فضائیہ میں شمولیت کو اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے راحیل شریف نے کہا کہ پیشرفت سے فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ پر پوری قوم کو فخر ہے اور مشکل حالات کے باوجود فضائیہ قوم کی امیدوں پر پورا اتری ہے۔

انہوں نے کہا کہ محدود وسائل کے باوجود کسی بھی غیر ملکی جارحیت کے خلاف ملک کا دفاع کیا جائے گا۔

آرمی چیف کا مزید کہنا تھا کہ فضائیہ کو جب اور جہاں ضرورت ہوگی، بری فوج وہاں موجود ہوگی۔

اس موقع پر پاک فضائیہ کے چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل طاہر رفیق بٹ سمیت دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔