پاکستان

غیر ملکی اثاثوں پر نواز سمیت 63 سیاستدانوں کوعدالتی نوٹس

نوٹس جاری کیے جانے والے سیاست دانوں میں چوہدری شجاعت، عمران خان اور آصف علی زرداری بھی شامل۔

لاہور:لاہور ہائی کورٹ نے غیر ملکوں میں موجود اثاثوں کو واپس پاکستان لانے کی ایک پٹیشن پر وزیر اعظم نواز شریف سمیت 63 سیاست دانوں کو نوٹس جاری کر دیے۔

منگل کو لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس خالد محمود خان کے کمرہ عدالت میں درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار بیرسٹر جاوید اقبال جعفری نے موقف پیش کیا کہ اکثر سیاست دانوں نے غیر قانونی طور پر اپنے اثاثے بیرون ملک منتقل کر دیے ہیں اور اگر انہیں واپس لایا جائے تو ملک کو غیر ملکی قرضوں سے نجات مل سکتی ہے۔

اس پر عدالت نے نواز شریف، مسلم لیگ –قائد کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان تحریک انصاف کے لیڈر عمران خان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا ہے۔

عدالت نے کہا ہے کہ جن سیاست دانوں کو براہ راست آگاہ نہیں کیا گیا انہیں اشتہارات کے ذریعے مطلع کیا جائے۔

عدالت نے درخواست کی آئندہ سماعت پندرہ جون تک ملتوی کر دی ہے۔

بیرسٹر جعفری نے 1996 میں 26 سیاسی رہنماؤں کے خلاف پٹیشن دائر کی تھی۔ انہوں نے بعد میں ترمیم کرتے ہوئے مزید سیاست دانوں کے نام بھی شامل کیے۔