پاکستان

پاک افغان سرحدی علاقے میں ڈرون حملہ، ہلاکتوں کی تعداد 10 ہوگئی

سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون طیارے سے شدت پسندوں کے ٹھکانے پر تین میزائل فائر کیے گئے۔

پشاور:پاکستان کے قبائلی علاقے خیبر ایجنس سے متصل پاک افغان سرحدی علاقے میں آج بدھ کی صبح ایک ڈرون حملہ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد دس ہوگئی ہے جب کہ 14 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔

یہ حملہ پاک افغان سرحدی علاقے میں ہوا ہے، تاہم ابھی تک سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ یہ حملہ افغان علاقے میں ہوا یا پاکستان کی حدود میں ہوا ہے۔

اس حوالے سے پاکستانی حکام نے بھی ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے۔

تاہم، سرکاری ذرائع کا کہنا ہے کہ امریکی ڈرون طیارے سے شدت پسندوں کے ٹھکانے پر تین میزائل فائر کیے گئے۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ حملے میں متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوگئی ہیں۔

خیبر ایجنسی کا یہ علاقہ افغان سرحد سے متصل ہے جہاں پر القاعدہ سے تعلق رہنے والے شدت پسندوں کے علاوہ کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان کے شدت پسندوں کی بھی پناہ گاہیں موجودہ ہیں۔