پاکستان

شمالی وزیرستان: ریمورٹ کنٹرول بم حملے میں 12اہلکار ہلاک

شدت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز کی گاڑی کو تحصیل غلام خان میں اس وقت نشانہ بنایا جب فورسز کا قافلہ گزر رہا تھا۔

پشاور: پاکستان کے قبائلی علاقے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر جمعرات کی صبح ایک ریمورٹ کنٹرول بم حملہ کیا گیا ہے جس میں کم سے کم 12 اہلکار ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔

تاہم، پاکستانی فوج کے شعبہِ تعلقاتِ عامہ یعنی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ حملے میں نو فوجی اہلکار ہلاک ہوئے ہیں۔

آئی ایس پی آر کے مطابق یہ واقعہ پاک افغان سرحد سے متصل غلام خان تحصیل میں پیش آیا جہاں شدت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز کے قافلے کو ریمورٹ کنٹرول بم سے نشانہ بنایا۔

واقعہ کے بعد زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

شدت پسندوں نے بم سڑک کنارے نصب کیا تھا، جبکہ دھماکے سے فورسز کی گاڑی مکمل طور پر تباہ ہوگئی ہے۔

واقعے کے بعد مزید سیکیورٹی اہلکار علاقے میں پہنچ گئے اور سرچ آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ شمالی وزیرستان میں کالعدم تحریکِ طالبان پاکستان سمیت کئی غیر ملکی شدت پسندوں کے ٹھکانے بھی موجود ہیں۔

اسی دوران سیکورٹی فورسز نے خیبر ایجنسی کے علاقے ارمان دو میلہ میں سڑک کنارے نصب بم ناکارہ بنادیا۔

زرائع کا کہنا ہے کہ بم پولیو ٹیم کو نشانہ بنانے کے لیے نصب کیا گیا تھا۔

دوسری جانب پشاورکے نواحی علاقے شیخ محمدی میں نامعلوم افراد نے 500 کے وی ٹاوور کو بم سے نشانہ بنایا۔