پاکستان

مشرق وسطی میں پاکستانی سفیروں کی اسلام آباد طلبی

پاکستان نے چار مئی کو شام اور خطے کی صورتحال پر ہنگامی مشاورت کے لیے اہم ملکوں میں موجود اپنے سفیروں کو طلب کر لیا۔

اسلام آباد: پاکستان نے مشرق وسطی کے اہم ملکوں میں موجود اپنے سفیروں کو شام اور خطے کی صورتحال پر ہنگامی مشاورت کے لیے اسلام آباد طلب کر لیا۔

دفتر خارجہ کی ترجمان تسنیم اسلم نے ہفتہ کے روز ڈان ۔ کام کو بتایا کہ مشرق وسطی میں موجود سفیروں کو چار مئی اسلام آباد طلب کیا گیا ہے تاکہ پاکستان اور خطے کے موجودہ معاملات پر غور کات جا سکے۔

انہوں نے بتایا کہ مشرق وسطی میں رہنے والے پاکستانیوں کے مسائل بھی زیر غور آئیں گے۔

ترجمان نے بتایا کہ جن ملکوں میں موجود سفیروں کا بلایا گیا ہے ان میں سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات، قطر، ایران، ترکی، شام ، یمن اور مصر شامل ہیں۔

دبئی اور جدہ میں پاکستان کے دو سب سے بڑے کونسل جنرلز کو بھی اس کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے۔

امور خارجہ کے مشیر سرتاج عزیز کانفرنس کے افتتاحی سیشن سے خطاب کریں گے، جبکہ کچھ اہم وزراء کی شرکت اور تقاریر بھی متوقع ہیں۔

بتایا جاتا ہے کہ کانفرنس میں پیش کی جانے والی تجاویز کو خارجہ پالیسی میں شامل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ چھ مہینوں میں سعودی کراؤن پرنس اور بحرین کے بادشاہ کے پاکستان دوروں کے بعد ملک کی خارجہ پالیسی میں نمایاں تبدیلیاں سامنے آئیں۔

خارجہ پالیسی میں مبینہ طور پر سعودی عرب اور بحرین کی جانب جھکاؤ پر حکومت کو قومی اسمبلی اور سینیٹ میں سخت اپوزیشن کا سامنا کرنا پڑا تھا۔