شاہد آفریدی کی پرویز مشرف سے ملاقات
کراچی: پاکستانی اسٹار کھلاڑی شاہد آفریدی گزشتہ روز جمعہ کو سابق فوجی صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف سے کراچی میں واقع ان کی رہائشگاہ پر ملاقات کی۔انہوں نے پرویز مشرف اور ان کی بیمار والدہ کی طبیعت دریافت کی، جو دبئی میں زیر علاج ہیں۔
پاکستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے ملاقات کے بعد ڈیفنس میں واقع ان کی رہائشگاہ کے باہر موجود میڈیا کے نمائندوں سے بھی مختصر بات چیت کی۔
شاہد آفریدی سے جب پوچھا گیا کہ کیا وہ پرویز مشرف کی دعوت پر ان سے ملنے آئے ہیں تو ان کا کہنا تھا کہ وہ یہاں سابق صدر کی عیادت کرنے آئے ہیں جو ان دنوں بیمار ہیں اور اسلام آباد سے اپنے طبی معائنے کے لیے کراچی میں مقیم ہیں۔
ایک اور سوال کے جواب میں بوم بوم آفریدی کے نام سے مشہور پاکستانی کرکٹر کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف نے بطور صدر پاکستان کی کرکٹ کے لیے عظیم خدمات سرانجام دی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ان کی اخلاقی ذمہ داری ہے کہ وہ ان کی صحت کے بارے میں دریافت کریں۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ ملاقات کے دوران انہوں نے سابق صدر کو نہایت پُرسکون موڈ میں پایا۔
تاہم شاہد آفریدی نے یہ واضح کیا کہ ان کا سیاست میں شمولیت کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملاقات میں انہوں نے سیاسی امور پر کوئی بات نہیں کی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل گزشہ جمعہ کو پیر پگارا سید صبغت اللہ راشدی نے بھی سابق صدر سے ملاقات کرکے ان کی طعبیت کے بارے میں دریافت کیا تھا۔
پاکستان مسلم لیگ فنکشنل کے سربراہ پیر پگارا کے ساتھ ان کی جماعت کے رہنماء کامران ٹیسوری بھی موجود تھے۔