آرمی چیف کی امریکی نمائندہ خصوصی سے ملاقات
پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکی نمائندہ خصوصی جیمزڈوبنز کی جنرل راحیل شریف سے ملاقات، دوطرفہ دلچسپی کے امورپرگفتگو
راولپنڈی: پاکستان اور افغانستان کے لیے امریکا کے نمائندہ خصوصی جیمز ڈوبنز نے جمعہ کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے جنرل ہیڈ کوارٹر راولپنڈی میں ملاقات کی۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری مختصر بیان کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس دوران حال ہی میں ہونے والے افغان صدارتی انتخابات اور خطے پر اس کے اثرات پر بھی بحث کی گئی جہاں پاکستان نے امریکی نمائندہ خصوصی کو اس معاملے پر اپنے تفصیلی موقف سے آگاہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے ترجمان نے کہا کہ ڈوبنز اور جنرل راحیل شریف نے افغان صدارتی انتخاب پر مکمل اطمینان کا اظہار کیا اور علاقائی سالمیت کے لیے مستحکم اور جمہوری افغانستان کی اہمیت پر زور دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ ملاقات کے دوران پاکستان میں سول ملٹری تعلقات میں جاری تناؤ پر بھی بات کی گئی۔