پاکستان

جسٹس مظہر عالم نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا

گورنر ہاؤس پشاور میں حلف برداری تقریب ہوئی جس میں اعلیٰ حکام اور وکلاء نے بھی شرکت کی۔

پشاور: جسٹس مظہر عالم خان میاں خیل نے آج منگل کے روز پشاور ہائی کورٹ کے نئے چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔

جسٹس مظہر عالم خان سے گورنر شوکت اللہ نے حلف لیا جنہوں نے آج ہی اپنے عہدے سے استعفیٰ بھی دے دیا ہے۔

گورنر ہاؤس پشاور میں حلف برداری تقریب ہوئی جس میں وزیراعلی خیبر پختونخواہ پرویز خٹک، صوبائی سینیئر وزیر سراج الحق، صوبائی وزراء، اعلی سرکاری حکام اور وکلاء نے بھی شرکت کی۔

نئے چیف جسٹس جسٹص مظہر عالم خان میاں خیل کے عزیز و اقارب بھی اس موقع پر موجود تھے۔

واضح رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے جسٹس مظہر عالم 2009ء میں ایڈیشنل جج پشاور ہائی کورٹ تعینات ہوئے، جبکہ 2011ء میں انہیں پشاور ہائی کورٹ کا مستقل جج بنا دیا گیا۔