پاکستان

مشرف سے کسی نے معافی کا مطالبہ نہیں کیا، سعد رفیق

حکومت پرویز مشرف مقدمے کے حوالے سے عدالتوں کے فیصلوں پر عمل کرے گی، وفاقی وزیر ریلوے۔

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ سابق فوجی حکمران ریٹائرڈ جنرل مشرف سے کسی نے معافی کا مطالبہ نہیں کیا اور نہ ہی حکومت کے پاس اس کا مینڈیٹ ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق جمعہ کو وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ حکومت پرویز مشرف مقدمے کے حوالے سے عدالتوں کے فیصلوں پر عمل کرے گی۔

انہوں نے کہا دشمن فورسز کے حملے سے حفاظت کے لیئے ملک میں قانون کی حکمرانی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ قانونی مسائل اور معاملات پر عدلیہ کو مدد فراہم کرنا حکومت پر لازم ہے۔

وزیر نے کہا کہ قومی سیاست میں رجحانات تبدیل ہو گئے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ تمام ادارے اب ملک کی ترقی اور خوشحالی میں حصہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا آزاد عدلیہ، میڈیا اور قانون کی حکمرانی ہمارا خواب رہا ہے۔

بلوچستان کے مسئلے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں، سعد رفیق، نے کہا کہ 2014 صوبے کی تقدیر کی تبدیلی کا سال ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچ رہنماؤں کے تحفظات کو حل کرنے کے لیئے سیاسی حکمت عملی اور مذاکراتی عمل سمیت کئی منصوبے بنا رہی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ حکومت مکمل طور پر نہ صرف صوبے میں امن کے لیئے قانون کی حکمرانی کے لیئے پر عزم ہے بلکہ صوبے کو درپیش مسائل کو حل کرنے اور صوبے کو خوشحال بنانے پر بھی کاربند ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا تمام سرکاری ادارے آئین کے مطابق کام کر رہے ہیں۔

سعد رفیق نے کہا کہ ہر ایک کو مہذب معاشرے کی تعمیر کے لیئے آئین کی اطاعت کرنی چاہیئے۔

سابق صدر پرویز مشرف کی والدہ کی بیماری کے حوالے سے انہوں نے کہا وہ ان کی جلد صحت یابی کے لیئے دعا گو ہیں، اور حکومت ان کے علاج کے لیئے تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے کے لیئے تیار ہے۔