پاکستان

دہشتگرد ہماری شناخت چھین لینا چاہتے ہیں، بلاول بھٹو زرداری

طالبان ، ظالمان اور درندے ہیں، ملک جل رہا ہے اور پنجاب کے حکمراں سورہے ہیں، چیئرپرسن پی پی پی

لاڑکانہ: چیئرپرسن پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو اسلام کے نام پر جہالت کے اندھیروں میں دھکیلا جارہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پرائیوٹائزیشن کے نام پر ہمارا گھر بیچنے کی تیاری ہورہی ہے۔

وہ لاڑکانہ کے قریب گڑھی خدا بخش میں سابق وزیرِ اعظم اور پی پی پی کے بانی ذوالفقار علی بھٹو کی 35 ویں برسی پر ایک بڑے جلسےسے خطاب کررہے تھے۔

بلاول بھٹو نے پرجوش انداز میں کہا کہ طالبان نے پہلے بھی دھوکہ دیا اور اب بھی دے رہے ہیں۔

انہوں نے قومی اداروں کی نجکاری کیخلاف کہا کہ پرائیوٹائزیشن نہیں بلکہ پرسنلائزیشن ہورہی ہےاور نجکاری کے نام پر ہمار گھر بیچنے کی تیاری ہورہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ آج ملک میں جہالت کے اندھیرے اتنے بڑھ گئے ہیں کہ آنکھوں والے مذاکرات کے نام پر اندھوں سے راستہ پوچھ رہے ہیں۔

کارکنوں سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان کو آج پھر ایک بھٹو کی ضرورت ہے۔ آج ہم تاریخ کے اس موڑ پر کھڑے ہیں جہاں ہر طرف بے یقینی ہے۔ ایک طرف دہشت گرد ہیں جو ہم سے ہماری شناخت پہنچان اور ہمارا وجود تک چھین لینا چاہتے ہیں تو دوسری جانب ہماری تہذیب اور معیشت دم توڑ رہی ہے جب کہ سیاست ذاتی مفادات تک محدود ہوچکی ہے

انہوں نے کہا کہ آج ہر دل خوف سے بھرا ہوا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں غیروں کی جنگ میں پڑنے کی ضرورت نہیں اور پاکستان کی غیرتمند فوج کسی کی جاگیر نہیں ہے۔