پاکستان

سیالکوٹ: 'طالبان حامی' فلم دکھانے پر دو بھائی گرفتار

ڈسکہ میں طالبان حامی دستاویزی فلم دکھانے کے الزام میں دو بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

سیالکوٹ: سیالکوٹ کی تحصیل ڈسکہ میں طالبان حامی دستاویزی فلم دکھانے کے الزام میں دو بھائیوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

بمباں والا پولیس نے پیر کو یہ مقدمہ سب انسپکٹر محمد یونس، شفیق الرحمان اور انیس الرحمان کی رپورٹ پر ایم پی او کے تحت درج کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ متراں والی گاؤں میں دونوں بھائیوں نے مقامی لوگوں کے لیے اپنے ڈرائنگ روم اور میڈیکل سٹور میں یہ فلم دکھانے کا انتظام کر رکھا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا کہ دونوں ملزمان علاقے میں طالبانئزیشن کی 'تبلیغ' بھی کرتے تھے۔

رپورٹ میں موقف اختیار کیا گیا کہ ان کا یہ کام قومی مفاد کے منافی اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنے میں رکاوٹ پیدا کر سکتا ہے۔

پولیس نے دونوں بھائیوں کو گرفتار کر کے سلاخوں کے پیچھے بھیج دیا۔