پاکستان

مذاکراتی کمیٹی: پرویز خٹک کی شمولیت کے لیے عمران خان سے رابطے

باخبر ذرائع کے مطابق حالیہ دنوں میں عمران خان اور وزیرِ داخلہ چوہدری نثار کے درمیان متعدد ملاقاتیں ہوئی ہیں۔

اسلام آباد: مسلم لیگ نون نے طالبان سے براہ راست مذاکرات کے سلسلے میں صوبہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کو حکومتی کمیٹی میں شمولیت کے لیے پاکستان تحریک انصاف سے بیک ڈور چینل رابطے شروع کردیے ہیں۔

باخبر ذرائع نے گزشتہ روز ڈان کو بتایا کہ اس سلسلے میں وزیرِ داخلہ چوہدری نثار علی خان، پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان سے رابطے میں ہیں اور ایوان صدر اور اسلام آباد کی رہائش گاہ پر حالیہ دنوں میں ان کے درمیان متعدد بار ملاقاتیں بھی ہوئی ہیں۔

پی ٹی آئی کے ایک ذرائع نے ان ملاقاتوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وزیرِ داخلہ نے وزیراعلیٰ پرویز خٹک کی حکومتی کمیٹی میں شمولیت کے لیے عمران خان سے درخواست کی ہے۔

اتوار کے روز ایسی بھی اطلاعات تھیں کہ چوہدری نثار علی خان اور عمران خان کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے حکومت اور طالبان کے درمیان مذاکرات پر تبادلۂ خیال کیا۔

تاہم پاکستان تحریکِ انصاف کے کوآرڈینیٹر چوہدری رضوان نے ڈان سے بات کرتے ہوئے ان اطلاعات کی تردید کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ مہینے حکومت نے مذاکرات کے لیے اپنی کمیٹی اس وقت عملی طور پر تحلیل کردی تھی جب اس کے اراکین نے طالبان سے براہِ راست مذاکرات کے لیے وزیرِ داخلہ، فوج اور آئی ایس آئی کے حکام اور گورنر اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پر مشتمل ایک نئی بااختیار کمیٹی کی سفارش کی تھی۔

حکومتی کمیٹی میں پی ٹی آئی کے رہنما اور سابق سفیر رستم شاہ مہمند بھی شامل تھے۔

واضح رہے کہ عمران خان طالبان سے مذاکرات کے ایک مخلص حامی رہے ہیں جن کا کہنا ہے کہ فوجی آپریشن مسائل کا حل نہیں ہے۔